52

ملک کے نظام کو چلانے کیلئے ہرشعبہ ہائے زندگی کو ٹیکس میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ، ڈپٹی کمشنر سرگودھا

سرگودہا (بیوروچیف) سٹون کریشرز کی جانب سے کی گئی ہڑتال کی بابت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن (ر) شعیب علی نے کی جبکہ اس موقع پر ڈی سی ایف بی آر علی صالح کلیار اور سٹون کریشرز مالکان بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سٹون کریشرزمالکان نے اپنے تحفظات بیان کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 40 ـبی کے تحت ایف بی آر سٹاف کی تعیناتی ختم کر کے انہیں ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے۔ بصورت دیگر وہ ٹیکس آفس کے سامنے دھرنا دیں گے۔نمائندہ ایف بی آر نے وضاحت کی کہ اس قسم کے استثنیٰ کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں اور ملک کے نظام کو بہتر چلانے کے لیے ہر شعبہ ہائے زندگی کو ٹیکس میں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا۔ سٹون کریشرز کے مطالبات پہلے بھی ایف بی آر بھیجے جا چکے ہیں اور اب بھی ہمارے دفتر کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔ڈپٹی کمشنرسرگودھا نے سٹون کریشرز کو اپنے معاملات ایف بی آر حکام کے ساتھ باہمی مشاورت سے حل کرنے اور قانون کی سختی سے پاسداری کی تلقین کی۔ انہوں نے زور دیا کہ احتجاج کی آڑ میں عوام الناس کے لیے مسائل کھڑے کرنے سے گریز کیا جائے۔ ڈی سی نے کہا کہ کسی قسم کی منفی سوچ کو پذیرائی نہیں بخشی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں