7

منصور آباد کے علاقوں میں سنگین جرائم بڑھ گئے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ منصورآباد کے علاقہ ڈاکوئوں اور چوروں کے نرغے میں آ گئے۔ ڈیلی بزنس رپورٹ میں خبر کی اشاعت پر کینال روڈ پر تاریں چوری کرنے والے نشیئوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق تھانہ منصورآباد کے علاقہ جھمرہ روڈ پر فیسکو آفس کے قریب موٹرسائیکل سوار ڈاکوئوں کے گروہ نے شہری زاہد علی سے اسلحہ کے زور پر ڈیڑھ لاکھ روپے’ موبائل فون چھین لیا’ عبداﷲ پور میں سلطان محمود کباڑیے کی دکان کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کی تاریں’ بیٹریاں اور دیگر سامان چور لیکر رفوچکر ہو گئے۔ جبکہ مانانوالہ قبرستان میں نمازجنازہ کی ادائیگی کیلئے آنیوالے رضوان شہزاد کی موٹرسائیکل چور لے اُڑے’ پولیس اطلاع کے باوجود ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہوں کو پکڑنے میں ناکام رہی۔ علاوہ ازیں چند روز قبل میونسپل کاپوریشن لائٹ برانچ کے عملہ نے کینال روڈ پر بجلی کے کھمبوں سے تاریں چوری کرتے ہوئے نشئی کو گرفتار کر کے منصورآباد پولیس کے حوالے کی خبر شائع کی تھی۔ جس پر منصورآباد پولیس نے خبر کی اشاعت کے بعد ملزمان عادل’ طاہر’ عاقب وغیرہ کیخلاف 10لاکھ کی تاریں اور دیگر سامان چوری کرنے کا مقدمہ درج کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں