فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شدید سردی کے باعث ساہیانوالہ پل کے قریب نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 198 رب کا رہائشی 40سالہ شہزاد ولد اصغر علی ساہیانوالہ فلائی اوور کے قریب جا رہا تھا کہ شدید سردی اور مبینہ طور پر ہارٹ اٹیک کا دورہ پڑا اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑا، راہگیروں کی اطلاع پر ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو مذکورہ شخص زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص کے جسم پر بظاہر چوٹ یا تشدد وغیرہ کے نشانات ہیں، مبینہ طور پر شدید سردی یا دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہوا ہے، تاہم نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ علاوہ ازیں جڑانوالہ روڈ پر عبداﷲ پور چوک کے قریب سڑک کراس کرتے ہوئے تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر لگنے سے خاتون زندگی کی بازی ہار گئی، پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ نشاط آباد کے علاقہ محلہ گارڈن کی رہائشی 53 سالہ خاتون نسرین زوجہ اسلم عبداﷲ پور چوک کے قریب موٹرسائیکل رکشہ سے اتر کر سڑک کراس کر رہی تھی کہ اس دوران تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹکر لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو کر گر پڑی، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیوٹیم موقع پر پہنچی تو مذکورہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکی تھی، تاہم پیپلزکالونی پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔
40