28

نا قابل ضمانت وارنٹ کے باوجود عمران خان پیش نہیں ہوئے

اسلام آباد (بیوروچیف)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش نہ ہوئے۔عمران خان کے جونیئر وکیل سردار مصروف خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے، ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ عمران خان آج بھی نہیں پیش ہو رہے کیا؟ ضامن پابند ہیں کہ عمران خان عدالت پیش ہوں۔عمران خان کے جونیئر وکیل سردار مصروف خان نے بتایا کہ عمران خان کی پیشی کا علم نہیں، سینئر لیگل ٹیم 10 بجے عدالت پیش ہوگی، عدالت نے سماعت میں 10 بجے تک وقفہ کردیا۔وقفے کے بعد عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ وکالت نامہ ایک دو دن تک دے دیتا ہوں، عمران خان کی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں موجود ہے، اگلے ہفتے کوئی تاریخ دیدیں۔جج نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کی طلبی کے لیے سماعت چل رہی ہے۔وکیل شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت خراب ہے، معذوری کی حالت ہے، دنیا میں عمران خان سے متعلق تماشہ چل رہا ہے۔وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ضامن کو عدالت نوٹس کرے اور شورٹی کوکینسل کیاجائے، کیس کی سماعت 9 مارچ تک ملتوی کردی جائے۔درخواست گزار اور ن لیگی رہنما محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ 9 مارچ کو عمران خان نے ہائی کورٹ میں پیش ہونا ہے، عمران خان یقینی طور پر 9 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔وکیل عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیاہے کہ عمران خان کے لیے اگلے ہفتے کچہری پیش ہونا آسان ہوگا۔جج نے ریمارکس دیے کہ یعنی دوسرے لفظوں میں عمران خان نے 9 مارچ کو بھی سیشن عدالت پیش نہیں ہونا، آپ کا وکالت نامہ پہلے آنا چاہیے، بات بعد میں ہونی چاہیے، میں نے انتظار بھی اس لیے کیا کہ شائد اسلام آباد ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ آجائیگا، اگر صورتحال یہی رہنی ہے تو کوئی فیصلہ کر دیتے ہیں، عمران خان خود بھی ابھی تک ذاتی طور پر پیش نہیں ہوئے، ظاہر ہو رہا ہے کہ عمران خان آج بھی سیشن عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔جج نے مزیدکہا کہ عمران خان کے کیس میں قانون سب کے لیے برابر ہوگا، قانون کے مکمل تقاضوں کو پورا کرکے توشہ خانہ کیس کو چلایا جائیگا۔عمران خان کے وکیل کی جانب سے سماعت میں وقفہ کرنے کی استدعا کی گئی جس پر ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سماعت میں وقفہ کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں