فیصل آباد(پ ر) بزنس ٹائیکون، روٹری انٹر نیشنل کے سابق ڈائریکٹر ، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈانڈسٹری اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق صدر میاں محمد ادریس نے نوجوان نسل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے علم اور خداداد تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے نئے راستے تلاش کریں تاکہ دنیا اُن کی تقلید کرے۔ وہ آج یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے فیصل آباد کیمپس کے زیر اہتمام ڈویلپنگ سٹارٹ اپ مائنڈ سیٹ، مواقعے اور چیلنجز آف ڈیجیٹل ایرا ” Developing Startup Mindset-Emerging Opportunities & Challenges of Digital era ” کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو دوسروں کی تقلید کرنے کی بجائے نئی راہیں تلاش کرناہوں گی ۔ آپ کو روایتی ڈگر سے ہٹ کے ایسے اقدامات کرنے ہوں گے جن کی دوسرے آپ کی پیروی کریں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر ہر حال میں لیڈر ہوتا ہے اور وہ جہاں بھی ہوگا اپنی فہم و فراست سے دوسروں کی راہنمائی کرے گا اور اُن کی اِن صلاحیتوں کی وجہ سے لوگ اُن کی تقلید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کوئی شخص کاروبار کر رہا ہے جبکہ دوسرے لوگ مشاورتی خدمات مہیا کر رہے ہیں۔
