اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی زیر صدارت نیٹ میٹرنگ کے نئے کنکشنز کی آن لائن پورٹل کے ذریعے فراہمی کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر نے نئی درخواستوں کے طریقہ کار کو آسان، شفاف اور صارف دوست بنانے پر زور دیا۔اویس لغاری نے کہاکہ اس عمل میں درپیش مسائل کا فوری اور مثر حل تلاش کیا جائے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے اہلکاروں کو نئے پورٹل سے متعلق ضروری ٹریننگ دی جائے اور اس کا عملی مظاہرہ بھی کیا جائے۔بجلی صارفین کو پورٹل کے استعمال اور شفافیت سے متعلق آگاہی پروگرام تشکیل دیا جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا تھا کہ پاکستان میں جتنے بھِی سولر سسٹم لگے ہیں ان میں صرف 5سے 8فیصد لوگوں نے نیٹ میٹرنگ کروائی ہے۔ وفاقی کابینہ نے نیٹ میٹرنگ پالیسی کو ری ویو کرنے کا کہا ہے، ہم چاہتے ہیں جب لوگ سولر نیٹ میٹرنگ لگائیں تو تین، 4سال میں پیسے بھی پورے ہوں اور لگوانے والے بھی خوش ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد ایک کروڑ 80لاکھ خاندانوں کے بل میں 60فیصد کمی آئیگی۔ 100یونٹ استعمال کرنے والوں کو پہلے ہی ساڑھے 4 روپے یونٹ مل رہا ہے۔
