لاہور (بیوروچیف) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کیلئے جنوری کے دوسرے ہفتے میں منشور پیش کئے جانے کا امکان ہے ، مختلف شعبوں کے ماہرین کی جانب سے منشور کی تیاری کے لئے پورٹل پر تجاویز دینے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عرفان صدیقی کی سربراہی میں منشور کمیٹی اپناکام جاری رکھے ہوئے ہے ۔ منشور میں مختلف شعبوں کے حوالے سے نکات شامل کئے جارہے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے منشور کی تیاری کے لئے عوام سے تجاویز کے حصول کے لئے پورٹل کے اجراء کے بعد مختلف شعبوںکے ماہرین بھی اپنی آراء اور تجاویز سے آگاہ کر رہے ہیں جن کا منشور کمیٹی جائزہ لے رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے جنوری کے دوسرے ہفتے میں باقاعدہ پریس کانفرنس میں منشور کا اعلان کئے جانے کا امکان ہے ۔
