فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر تشکیل دی گئی خصوصی ٹیموں نے جنوری کے دوران مجموعی طور پر371 نادہندگان کے کنکشن منقطع کردئیے جبکہ 85 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی کی ریکوری کی ہے۔ ایم ڈی واسا کی ہدایت پر ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے افسران و سٹاف کی جانب سے نادہندگان کے خلاف جامع مہم جاری رکھی گئی جس کے نتیجے میں جنوری کے ایک ماہ کے دوران ڈس کنکشن ٹیموں کی جانب سے شہر کے دونوں زونز میں نادہندہ صارفین کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جن میں ایسٹ زون میں ڈائریکٹر ریونیو جاوید غنی کی نگرانی میں ڈس کنکشن ٹیم کے انچارج و ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر اقبال قادری کی زیر نگرانی فیلڈ سٹاف نے 264 ڈیفالٹرز صارفین کے کنکشن کاٹ دئیے جبکہ 32 لاکھ 13 ہزار روپے سے زائد واجبات کی ریکوری کی۔ اسی طرح ویسٹ زون کے ڈائریکٹر محمد اقبال ملک کی نگرانی میں ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرف بٹ و دیگر ٹیموں کی جانب سے نادہندہ صارفین کے 107 کنکشن منقطع کئے گئے جبکہ52 لاکھ93 ہزار وپے سے زائد کے واجبات کی ریکوری کی گئی۔اس حوالے سے ایم ڈی واسا عامر عزیز ریونیو ٹیموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ نادہندہ صارفین کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے جبکہ ان ٹیموں کے دائرہ کار میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین اپنے ماہانہ بلز اور واجبات کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائیں کیونکہ بلز کی ادائیگی سے ہی واسا کی جانب سے فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
