سرگودہا (بیوروچیف )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر فاروق کہا ہے کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور پانچ سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر عمر بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا مشن ہے جس کے لئے محکمہ صحت کے ساتھ والدین بھی فعال کردار ادا کریں۔ وہ پیر کے روز گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ضلعی ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اسد اسلم اور ایم ایس ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی پولیو ٹیموں کو سہولیات فراہمی کے ساتھ سخت مانیٹرنگ کو بھی یقینی بنائیں، خانہ بدوش خاندانوں، دریائی بیلٹ اور ہائی رسک یونین کونسلز سمیت دور افتادہ علاقوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔انہوں نے والدین اور بالخصوص مائوں پر زور دیا کہ وہ اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچائوکے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور اگر پولیو ٹیمیں ان تک خود نہیں پہنچتی تو وہ اپنے بچوں کو قطرے پلانے کے لیے خود سنٹرز پر لے کر جائیں۔
