31

واپڈا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ یونیورسٹی قائم کررہا ہے ‘ چیئر مین واپڈا سجاد غنی

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) واپڈا جدید تقاضوں سے ہم آہنگ یونیورسٹی قائم کررہا ہے۔ یونیورسٹی کے قیام کے لئے درکار مراحل تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں اور یونیورسٹی بہت جلد کام شروع کردے گی۔یہ بات چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) نے واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر کہی۔ جنرل منیجر (ایڈمنسٹریشن) بریگیڈیئر محمد طفیل (ریٹائرڈ)، جنرل منیجر (ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اینڈ ایجوکیشن) انوارالحق اور فوکل پرسن واپڈا یونیورسٹی شاہد حمید بھی اِس دوران موجود تھے۔واپڈا یونیورسٹی کے قیام کے بنیادی مقاصد بیان کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ یہ یونیورسٹی قومی ترقی سے براہِ راست وابستہ شعبوں کے نصاب اور تحقیق میں سنٹر آف ایکسی لینس کے طور پر کام کرے گی۔ واپڈا یونیورسٹی انڈسٹری اور تعلیمی اداروں کے مابین فاصلہ کو بھی کم کرنے میں مدد دے گی اور اس مقصد کیلئے خصوصی طور پر کورسز تشکیل دیئے جائیں گے۔ فوکل پرسن نے چیئرمین کو واپڈا یونیورسٹی کے قیام کیلئے اہم اقداماتپر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ اِن اقدامات میں یونیورسٹی کا چارٹر، فزیبلٹی رپورٹ، مالی انتظامات اور یونیورسٹی کیلئے مجوزہ نصابی پروگرام شامل تھے۔واپڈا یونیورسٹی کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں ہوگی۔ علاوہ ازیں لاہور اور فیصل آباد میں بھی اِس یونیورسٹی کے کیمپس ہوں گے۔ واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد کو یونیورسٹی کیمپس کا درجہ دینے کے لئے اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ واپڈا یونیورسٹی میں مرحلہ وار فیکلٹی آف انجینئرنگ، فیکلٹی آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔چیئر مین نے واپڈا انجینئرنگ اکیڈمی فیصل آباد میں تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں