اسلام آباد(بیوروچیف) چیئرمین واپڈا نے کہا ہے کہ واپڈا 2030ء تک پن بجلی کی پیداوار میں 10 ہزار میگا واٹ اضافہ کرے گا۔چیئرمین واپڈا کے زیر صدارت واپڈا کے جنرل منیجرز اور پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی پہلی کانفرنس ہوئی جس میں ممبر فنانس، ممبر واٹر اور ممبر پاور بھی شریک ہوئے ۔کانفرنس میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پن بجلی کی پیداوار میں 10 ہزار میگاواٹ اضافہ سے واپڈا پن بجلی کی صلاحیت دو گنا ہو کر 20 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جائے گی، زیر تعمیر منصوبے مکمل ہونے پر پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں بھی 12 ملین ایکڑ فٹ اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سستی پن بجلی اور پانی کی یہ اضافی مقدار ملک کے اقتصادی استحکام میں مدد گار ثابت ہو گی، واپڈا واحد ادارہ ہے جو بیک وقت پن بجلی کے اتنے منصوبے تعمیر کر رہا ہے ۔چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ واپڈا کے زیر تعمیر منصوبوں میں دیامربھاشا، مہمند، داسو اور تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ قابل ذکر ہیں۔
38