فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت داخلہ کی جعلی ویب سائٹ تیار کر کے گاڑیوں کو کالے ورنگین شیشے استعمال کرنے والوں کو اجازت نامے دینے کا انکشاف، مذکورہ جعلی ویب سائٹ پر ویری فیکشن سسٹم بھی موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ وفاقی وزارت داخلہ کی طرف سے گاڑیوں میں رنگین شیشوں کے استعمال کی اجازت پر 31مارچ 2013ء سے پابندی ہے اور اس سلسلہ میں وزارت داخلہ کی طرف سے وزرائ’ پارلیمنٹرین’ سینیٹرز سمیت اعلیٰ شخصیات سے گاڑیوں پر رنگین شیشے کی اجازت دینے سے بھی معذرت کر چکی ہے اور اس کے بعد وزارت داخلہ کی طرف سے کسی بھی اعلیٰ شخصیات کو گاڑیوں پر کالے یا رنگین شیشے استعمال کرنے کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بعض نوسربازوں اور فراڈیے گروہ کی طرف سے وزارت داخلہ کے نام پر گاڑیوں میں رنگین شیشوں کی بابت بغیر کسی اجازت کے جعلی لیٹر (اجازے نامے) جاری کئے جا رہے ہیں اور اس معاملہ کو اس قدر پیچیدہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے نام کی جعلی ویب سائٹس بھی بنائی گئیں ہیں جن پر مذکورہ جعلی اجازت ناموں کا ویری فیکشن سسٹم بھی موجود ہے۔ اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر کی طرف سے فیصل آباد کے تمام سرکل کے انچارج کو کہا گیا ہے کہ وہ وزارت داخلہ کے ایسے جعلی اجازت نامہ تیار کرنے اور استعمال کرنے کی بابت حسب ضابطہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے کالے ورنگین شیشے استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروائیں، تاکہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی ہو سکے۔
35