47

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فیصل آباد کیلئے متعدد منصوبوں کا اعلان (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جی سی یونیورسٹی فیصل آباد میں لیپ ٹاپ اور ہونہار سکالرشپ فیز ٹو کی تقریب سے خطاب میں اگلے سال فیصل آباد میں میٹروبس سروس شروع کرنے’ گرین الیکٹرک بسیں چلانے’ فیصل آباد کیلئے لاہور کی طرز پر فیصل آباد ڈویلپمنٹ پلان لانے’ فیصل آبادڈویژن کے شہروں کے ساتھ ساتھ گائوں کو بھی ماڈل ویلج بنانے کا اعلان کیا، وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا وطن کا مستقبل طلبہ کے ہاتھ میں ہے لیپ ٹاپ اور سکالرشپ طلبہ پر احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے زیادہ سے زیادہ بچوں کو لیپ ٹاپ اور وظائف دینا چاہتے ہیں نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے پنجاب میں ایجوکیشن کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا دورہ فیصل آباد اس لحاظ سے مثالی قرار دیا جا رہا ہے کہ انہوں نے یہاں کے باسیوں کیلئے اہم منصوبوں کا اعلان کر کے ان کے دل موہ لئے ہیں فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر اور ٹیکسٹائل کا مرکز ہے اس شہر کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ییچھے رکھا گیا اس شہر کے مسائل زیادہ ہیں یہاں کے شہریوں کیلئے ایک بار پہلے بھی میٹروبس کا اعلان کیا گیا تھا اس کا سروے اور دیگر تقاضے بھی پورے کئے گئے مگر منصوبہ شروع نہ ہو سکا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میٹروبس چلانے کا اعلان کیا ہے جس کا شہریوں نے خیرمقدم کیا ہے وزیراعلیٰ نے گرین الیکٹرک بسیں چلانے اور لاہو رکی طرز پر فیصل آباد میں فیصل آباد ڈویلپمنٹ پلان لانے اور دیہی علاقوں کو شہری علاقوں جیسا بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا ہے جس سے امید ہے کہ وہ اپنے منصوبوں پر عملدرآمد کرانے کیلئے ہر ممکن اقدامات سے بھی گریز نہیں کریں گی پنجاب کے 5بڑے شہروں میں فیصل آباد بھی شمار ہوتا ہے مگر اس شہر کی ترقی کیلئے خاطر خواہ کام نہیں ہو سکا ہے بڑی شاہراہوں’ اندرون شہر کی سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ’ شہر میں بنے اوورہیڈ برجز کی حالت بھی ابتر ہے اس جانب بھی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے توجہ نہیں دے رہے شہر میں بارشوں کے بعد نکاسی آب کے مسائل جنم لیتے ہیں ستھرا پنجاب کے حوالے سے بھی نجی کمپنی کی کارکردگی سے شہری خوش نہیں پینے کے پانی کی سپلائی کیلئے کئے گئے اقدامات میں بھی کافی نقائص پائے جاتے ہیں انٹرسٹی سرکاری ٹرانسپورٹ نہ ہونے سے شہریوں کو سستی سواری کی شدید ضرورت محسوس ہو رہی ہے اس حوالے سے گرین الیکٹرک بسیں چلانے سے شہریوں کو انٹرسٹی روٹس پر کم کرایہ پر تیز رفتار ٹرانسپورٹ میسر ہو گی فیصل آباد میں میٹروبس سروس کا کاغذی کام مکمل ہے اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کریں تو اس منصوبہ کو ایک سے ڈیڑھ سال تک مکمل کیا جا سکتا ہے اور یہ منصوبہ شہریوں کیلئے باوقار اور سستی سواری ثابت ہو سکتا ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے اقتدار کے ایک سال کے اندر جتنے عوامی فلاحی منصوبے صوبہ کے عوام کے لیے شروع کرائے وہ قابل ستائش ہیں اتنے کم عرصہ میں کسی بھی صوبے کی حکومت نے اتنے فلاحی منصوبے شروع نہیں کرائے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا منفرد اعزاز ہے کہ وہ دن رات صوبہ کے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ان کے فلاحی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں اور عوام ان کی قیادت پر اعتماد کر رہے ہیں جو باعث مسرت ہے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فیصل آباد کے لیے بڑے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے تاہم اگر وہ یہاں صحافی کالونی کے قیام کا بھی اعلان کر دیتیں تو اس سے صحافتی حلقوں میں بھی خوشی کی لہر دوڑ جاتی، فیصل آباد کیلئے ڈویلپمنٹ پلان’ گرین الیکٹرک بسوں اور میٹروبسیں چلانے کا اعلان شہریوں کیلئے کسی تحفہ سے کم نہیں اس حوالے سے یہ گزارش ہے کہ اعلان کردہ منصوبوں پر جلد کام شروع کرای اجائے تاکہ شہریوں کو جلد سے جلد سفری سہولتیں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات مل سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں