66

وزیراعلیٰ کی وارننگ پر تمام ادارے متحرک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جب کوئی کام نرمی سے نہ بنے تو کچھ سختی کرنا پڑتی ہے اسی لئے اس شعر کو کچھ یوں بھی لکھا اور پڑھا جائے تو بیجا نہ ہو گا کہ ”ذرا ہاتھ سخت ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی!” دیکھنے میں آیا ہے کہ کئی چیزیں وسائل ہونے کے باوجود ٹھیک نہیں ہوتیں مگر جہاں سختی کی جائے وہاں ہر چیز ٹھیک ہو جاتی ہے، کسی بھی شخص کو احسن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیساتھ ساتھ کچھ سختی سے بھی کام لینا پڑتا ہے، نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبہ بھر کے عوام کی خدمت کر کے ثابت کر دیا کہ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقہ سے نبھائیں، عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر محترمہ مریم نواز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئیں اور انہوں نے صوبہ بھر میں عوامی مشکلات کے حل پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور پنجاب بھر میں ہر طرف سرکاری ادارے عوام کی خدمت کیلئے کمربستہ دکھائی دیتے ہیں، وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز نے 1ماہ کی مہلت دی ہے کہ صوبہ بھر میں عوامی مشکلات حل ہوں اور پنجاب ایک مثالی صوبہ نظر آئے، ان ہدایات کی روشنی میں فیصل آباد میں بھی سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری آنے لگی ہے، FDA کے افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں، PHA نے فیصل آباد کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے کمرکس لی ہے، واسا نے سیوریج سسٹم کی بہتری اور گٹروں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی ہے، FWMC کی جانب سے بازاروں اور گلی محلوں کو صاف ستھرا بنایا جا رہا ہے، میونسپل کارپوریشن تجاوزات مافیا کیخلاف سخت اقدامات اٹھائے اور لوگوں کو ریلیف کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے مگر سٹی ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر نظر ڈالیں تو یہ کہنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے کہ ان کی ناقص کارکردگی برقرار ہے اور انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کرنا گوارہ نہ کیا ہے، عبدالرشید غازی چوک (سابقہ جی ٹی ایس چوک)’ جھال خانوآنہ چوک میں چنگ چی رکشوں کے غیر قانونی سٹینڈ جوں کے توں ہیں، 8بازاروں اور مین شاہرات پر ون وے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، فیصل آباد میں ٹریفک نظام کی ابتری بڑھ رہی ہے مگر وارڈنز کی توجہ صرف چالانوں کا ٹارگٹ پورا کرنے پر مرکوز ہے، سٹی ٹریفک پولیس کا کام صرف اپنے آپ کو ”کمائو پتر” ظاہر کر کے اپنی خامیوں پر پردہ پوشی کرنا رہ گیا ہے۔ بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل نے لوگوں کا ناک میں دم کر رکھا ہے، فیصل آباد میں ٹریفک جام رہنا اور ٹریفک سگنلز کی خرابی بھی لوگوں کے لیے دردسر بن چکی ہے۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع بھر میں “ستھراپنجاب” مہم پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے اس ضمن میں شہری ودیہی علاقوں میں روزانہ مقرر کئے گئے اہداف کی تکمیل یقینی بنائی جارہی ہے۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ نے بتایا کہ” ستھراپنجاب” پروگرام کے تحت گلی محلوں، شاہرات، سکولوں وکالجوں اور کھلے میدانوں میں صفائی مہم جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ تمام ضلعی محکموں سے 31 مارچ تک کا شیڈول لیکر اس کے مطابق عملدرآمد کرایا جارہا ہے۔انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ ضلع کو صاف ستھرا بنانا ترجیح ہے جس کے لئے پروگرام پر حکومتی ویژن کے مطابق عملدرآمد جاری رہے گا۔ دریں اثناء میونسپل کارپوریشن فیصل آباد چیف منسٹر گورننس اقدامات پر عملدرآمد کیلئے سرگرم ہے۔چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد زبیر وٹو نے جھنگ روڈ کا دورہ کیا اوراہم روڈ کی کارپٹ تعمیر کے جاری کام کا معائنہ کیا۔انہوں نے ٹھیکیدار کو کام کی رفتار میں تیزی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعمیراتی عمل میں سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کمشنر فیصل آباد سلوت سعید جھنگ روڈ کی کارپٹ تعمیر کے کام کی براہ راست نگرانی کررہی ہیں اور اسے فی الفور مکمل کرانے کے لئے واضح ہدایات جاری کررکھی ہیں۔چیف آفیسر نے ماڈل بازار جھنگ روڈ کا بھی دورہ کیا اورماہ صیام کے دوران ماڈل بازار میں صارفین کو اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالے سے انتظامات چیک کئے۔انہوں نے ماڈل بازار انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز “ستھرا پنجاب” پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے متحرک ہیں اور انہوں نے ڈی ایم ڈی ایڈمن شعیب رشید کے ہمراہ راجے والا سعید آباد کے مین چینل اور اکبر آباد ڈسپوزل اسٹیشن کا وزٹ کیا۔ڈائریکٹر ڈرینج ابوبکر اعجاز نے مین چینلز کی صفائی مہم اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز مخدوم بابر نے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ مینجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات پر” ستھرا پنجاب” پروگرام پر جامع اور موثر انداز میں عمل درآمد کیا جارہا ہے جبکہ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مین ڈرینج لائنز اور سیوریج لائنز کی ڈی سلٹنگ اور صفائی مہم ہنگامی بنیادوں پر کی جارہی ہے اور تمام سب ڈویژن کا ایک ماہ کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے اور اس پر مکمل سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ڈرینج ڈویژن سٹاف نے مین چینل ون راجے والا نزد سعید آباد بھاری مشینری کیساتھ ڈی سلٹنگ کر کے بہا میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کو دور کیا جبکہ مین چینل ون راجے والا سعید آباد کی صفائی مہم کے دوران تیرتی ہوئی اشیا کو باہر نکال کر سیوریج کا بہائو مزید بہتربنایا گیا۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ مین چینلز اور ڈرینج لائنز کی صفائی اور ڈی سلٹنگ مہم کی مکمل مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے اور” ستھرا پنجاب” پروگرام کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں