فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ضلع فیصل آباد میں بھی کاشتکاروں کو وزیراعلیٰ پنجاب کسان کارڈکی فراہمی کا آغاز ہوگیا ہے۔کسان کارڈ کے ذریعے ہراہل کاشتکارڈیڑھ لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ حاصل کرکے مقرر کردہ ڈیلرز سے کھاد،زرعی ادویات اور بیج حاصل کرسکے گا ۔ فیصل آباد میں اب تک ایک سے ساڑھے 12ایکڑاراضی کے حامل 20ہزار 237کاشتکار کسان کارڈ کے لئے اہل ہوچکے ہیں جبکہ مجموعی طور پرٹارگٹ 44ہزار 288کسانوں کو پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پت کسان کارڈ جاری کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے محکمہ زراعت کے دفتر میں قائم ڈسٹری بیوشن سنٹر کا افتتاح کیا۔انہوں نیموقع پر بائیو میٹرک مکمل کرنے والے کاشتکاروں میں وزیراعلی پنجاب کسان کارڈ تقسیم کئے۔ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود،ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ عدیل احمد کے علاوہ دیگر افسران اور کاشتکارحضرات بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹریبیوشن سنٹر پر قائم کائونٹرز پر کسانوں کی رجسٹریشن اورکسان کارڈکی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کسان کارڈموجودہ حکومت کاکاشتکاروں کے لئے انقلابی پروگرام ہے جس کے تحت رجسٹرڈکسان مستقبل میں بھی حکو مت کی زرعی پالیسیوں سے استفادہ کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح وبہبود کے لئے موثر اقدامات کررہی ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ وہ کسان جو زمین کے مالک ہیں اور جن کا زمینی ریکارڈ پی ایل آر اے میں دستیاب ہے وہ قرض کے حقدارہوں گے۔زمین کی رجسٹریشن اور تصدیق کے بعد کسان کو بینک آف پنجاب کی طرف سے پنجاب کسان کارڈ جاری کیا جارہا ہے۔اس موقع پر کارڈ حاصل کرنے والے کسانوں نے وزیراعلی پنجاب کے انقلابی اقدام کو سراہا اور کہا کہ کسان کارڈکی بدولت کاشتکار خوشحال اور سبز پنجاب کا خواب حقیقت ہوگا۔
7