فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی ٹیکس محتسب کے آفس کی تاریخ میں پہلی بار گزشتہ سال ریکارڈ 7ہزار سے زائد کیس داخل ہوئے جن میں سے 6500کیس حل کئے گئے جبکہ 90فیصد کیسوں میں ٹیکس دہندگان کو ریلیف دیا گیا۔ یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ (ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز) نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورے کے دوران بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ ایف ٹی او کا ادارہ 2000ء میں قائم ہوا مگر اس کی ٹیکس دہندگان تک رسائی انتہائی محدود رہی۔ انہوں نے بتایا کہ اُن سے قبل 5ٹیکس محتسب آئے جن میں سے 2کا تعلق عدلیہ ، 2کاپولیس سروس اور ایک کا تعلق ڈسٹرکٹ مینجمنٹ گروپ سے تھا تاہم 2000ئمیں حکومت نے فیصلہ کیا کہ اس عہدے پر ایسے شخص کو تعینات کیا جائے گا جو ٹیکس کے شعبہ کا تجربہ رکھتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ اُن سے قبل صرف ڈھائی ہزار شکایتیں موصول ہوئی تھیں جو اب بڑھ کر 7ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔
34