فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ملت روڈ اور نڑوالا روڈ پر ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سوار دو افراد لقمہ اجل بن گئے، حادثات کے مرتکب ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق 110ج ب کا رہائشی 55 سالہ شہزاد ولد ڈوبنک مسیح موٹرسائیکل پر جا رہا تھا جب وہ ملت روڈ پر کھچیاں سٹاپ کے قریب پہنچا تو نامعلوم گاڑی کی ٹکر لگنے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گیا، حادثے کا مرتکب ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہو گیا، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی تو شہزاد مسیح دم توڑ چکا تھا۔ دوسرا حادثہ نڑوالا روڈ پر لہلاں کے قریب پیش آیا جہاں پر 57 ج ب بڑا گھیالہ کا رہائشی موٹرسائیکل سوار 17 سالہ نوجوان دانش نواز ولد نواز یوٹرن لیتے ہوئے مزدا ٹرک کی زد میں آ کر بری طرح زخمی ہو گیا، اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو مذکورہ نوجوان زندگی کی بازی ہار چکا تھا، تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی ہے۔
35