عالمی شہرت یافتہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اسپورٹس اسٹار ایسز انسپائریشنل آئیکون ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔گزشتہ ماہ ریٹائر ہونے والی ثانیہ مرزا نے اپنے 20 سالہ ٹینس کیریئر میں اپنی شاندار صلاحیتوں اور ناقابل یقین کامیابیوں کے ذریعے عالمی سطح پر ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔ ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیو شیئر کی ۔انہوں نے پوسٹ میں ایوارڈز تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ثانیہ مرزا کے 20 سالہ ٹینس کیریئر کی یاد گار جھلکیاں دکھا کرانہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ثانیہ مرزا نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کہا کہ اس 20 سال کے طویل سفر کے دوران ہر کوئی اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ رہا ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اچھی چیزیں بھی ہمیشہ کے لیے زندگی میں نہیں رہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ میں اپنے ملک، اپنی فیملی اور اپنے لیے کھیلنے کے قابل بنی۔انہوں نے مزید کہا کہ زندگی کے اس نئے دور کے آغاز پر اس ایوارڈ سے بہتر کوئی تحفہ نہیں ہوسکتا تھا اور اسے سنیل گواسکر کے ہاتھ سے وصول کرنا بھی اعزاز کی بات ہے ۔
44