24

پارٹی صدارت کیس’ پرویزالٰہی گروپ کا جلد فیصلے کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع

اسلام آباد(بیوروچیف)مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ نے پارٹی صدارت کیس کے جلد فیصلے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔ چودھری شجاعت حسین کے پارٹی سربراہ ہونے کے معاملے پر مسلم لیگ ق پرویز الٰہی گروپ کے وکیل عامر سعید راں الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ، جہاں انہوں نے درخواست کی کہ پنجاب میں انتخابات ہونے والے ہیں، کیس کا فیصلہ جلد سنایا جائے ۔الیکشن کمیشن نے 18 اگست کو چودھری شجاعت پارٹی صدارت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ق لیگ پرویز الٰہی گروپ کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں بتایا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے ہی پر پارٹی ٹکٹ جاری ہو سکیں گے ۔اس موقع پر الیکشن کمیشن میں پرویز الٰہی کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا تذکرہ بھی ہوا۔ الیکشن کمیشن کے رکن پختونخوا نے کہا کہ ہم نے تو ٹی وی پر کچھ اور ہی دیکھا تھا، جس پر وکیل نے بتایا کہ سب کچھ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہے ۔ ممبر کے پی نے استفسار کیا کہ کیا جلد فیصلہ سنانے کے لیے تحریری درخواست دی ہے ؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ تحریری درخواست دائر کیے ہوئے بھی 4 ماہ گزر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں