فیصل آباد( سٹاف رپورٹر) کنونیئرقائمہ کمیٹی برائے ٹیکسٹائل پروسیسنگ FPCCI ، کنونیئر قائمہ کمیٹی ریجن پنجاب کاٹن اینڈٹیکسٹا ئل FPCCI حافظ فیصل احمددین نے کہاہے کہ پالیسی ریٹ میں 1فیصد کی کمی موجودہ ملکی معاشی حالات میں انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سمیت اُن کی معاشی ٹیم کے ارکان اس بات کا برملا اعتراف کر چکے ہیں کہ جب تک پالیسی ریٹ میں سنگل ڈیجٹ میں نہیں آئے گا صنعتوں کو منافع بخش طور پر چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو لوگ صنعتیں چلا رہے ہیں وہ دراصل اپنا ذاتی نقصان کررہے ہیں اس لئے پالیسی ریٹ میں کم از کم 4فیصد کی کمی ضروری تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت افراط زر، زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدی اور دیگر معاشی اشارے بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اس لئے پالیسی ریٹ میں چار فیصد تک کی کمی کی گنجائش موجود تھی لیکن سٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں صرف ایک فیصد کی کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت کو پالیسی ریٹ کو جلد از جلد سنگل ڈیجٹ میں لانے کا فیصلہ کرنا ہو گا۔
