پاکستانی اداکارہ حبا بخاری ان دنوں ٹی وی کی مقبول ترین اداکارہ ہیں، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سنہری لمس کی حامل ہیں، جس چیز کو چھوتی ہیں وہ سونا بن جاتی ہے یعنی ان کا نام ہی ڈرامے کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔گذشتہ چند سالوں میں ان کے تمام ہی ڈرامے انتہائی مقبول ہوئے ہیں، جن میں سے کئی تو یو ٹیوب پر نمبر ون ٹرینڈ بھی بنے ۔ حبا بخاری کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ ان کے خیال میں دعائیں اور اچھی نیت سے کام کرنا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ماضی میں کچھ ڈرامے اور ایک فلم ایسی بھی تھی، جن میں انہیں کام کرنا تھا مگر وہ پراجیکٹ بن نہیں سکے ۔ اس لیے دعائیں اور پھر نیک نیتی ضروری ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ انہوں کئی ایسے ڈراموں میں کام کرنے سے منع کیا جس میں خواتین کے کردار ایسے تھے کہ وہ بہت روتی رہتی تھیں، مگر پھر وہی ڈرامے کامیاب ہوتے رہے ۔ ڈراموں میں خواتین کو مسلسل ظلم کا شکار دکھانے کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر اسی چیز پر پیسے لگاتے ہیں جن سے انہیں منافع ہوتا ہے ، تو اس لیے اگر عوام کو کوئی چیز نہیں پسند تو وہ اپنا ردِ عمل دیں۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر بہت سے اچھے ڈرامے ہیں جو بہت اچھے ہیں مگر ان کی ریٹنگ نہیں آرہی ہے ۔ عوام جو دیکھنا پسند کرتے ہیں انہیں وہی دکھایا جاتا ہے ، یہ ایک طرح سے طلب اور رسد کا معاملہ ہوتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک ان کے سامنے کوئی ایسی فلم آئی نہیں آئی جسے وہ کرنا چاہتی ہوں، مگر جیسے ہی کچھ آئے گا وہ ضرور کریں گی۔
