73

پاکستان آلوکاشت کرنیوالے 10بڑے ممالک میں شامل

اسلام آباد (بیوروچیف)رواں برس پاکستان نے آلو کی بہترین پیداوار حاصل کی ہے، جس کے بعد پاکستان آلو کاشت کرنے والے 10 بڑے ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرعی ماہرین اور کسانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں آلو کی پیداوار 80 لاکھ ٹن سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ 3 سال میں آلو کی پیداوار میں مجموعی طور ہر 35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔مالی سال 2020ـ21 میں پاکستان میں آلو کی کل پیداوار 50 لاکھ 87 ہزار ٹن تھی جو 2022ـ23 میں 80 لاکھ ٹن سے زیادہ (8.1 ملین ٹن) ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد پاکستان سبزیاں پیدا کرنے والے دنیا کے 10 بڑے ملکوں کی فہرست میں نویں نمبر پر آگیا ہے۔2022 کے اعداوشمار کے مطابق، چین 95.6 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ آلو کاشت کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر تھا۔ 56.1 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ بھارت دوسرے، 20.9 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ یوکرین تیسرے، 18.9 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ روس چوتھے، 17.8 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ امریکا پانچویں، 10.6 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ جرمنی چھٹے، 10.1 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ بنگلہ دیش ساتویں، 8 ملین ٹن پیداوار کے ساتھ فرانس آٹھویں اور 6.9 ٹن ملین آلو کی پیداوار کے ساتھ نیدر لینڈز دسویں نمبر پر ہے۔واضح رہے کہ گندم، چاول اور مکئی کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ آلو کی فصل کاشت کی جاتی ہے۔ آلو کی 95 فیصد پیداوار صوبہ پنجاب سے حاصل کی جاتی ہے۔ گزشتہ 10 سال کے دوران، معاشی اعتبار سے آلو کی فصل کو ملک میں خاصی اہمیت حاصل ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں