14

پرائم منسٹرز یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ 2024ء

کھیلوں کے حوالے سے آپ نے بہت سے اقوال سنے ہوں گے جو طالب علموں بالخصوص نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرتے ہیں۔ تعلیمی ادارے زیور تعلیم سے آراستہ ہونے والی نئی نسل کو بہت سی سہولیات فراہم کرتے ہیں لیکن معلومات کے بعد سپورٹس سے بڑھ کر کوئی بڑی سہولت نہیں۔ یہ امر درست ہے کہ ایک صحت مند جسم میں ہی ایک صحت مند دماغ ہوتا ہے اور آج کل کے ماحول میں نوجوان صرف سوشل میڈیا اور موبائل گیمز میں ہی مصروف نظر آرہا ہے جو حقیقت میں والدین اور اساتذہ کے لئے لمحہ فکریہ ہی نہیں بلکہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ نوجوانوں کو خوابی خیالی دنیا سے باہر نکالنے اور عمل کی جانب راغب کرنے کے لئے خادم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایمان، اتحاد، تنظیم کا درس دینے کے بعد انہوں نے غیر معمولی صلاحیتوں کے مالک وفاقی وزیر رانا مشہود احمد خان کی زیر قیادت پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ترتیب دیتے ہیں۔اس پروگرام کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے جس طرح وطن عزیز کی معیشت کو سنبھالا ہے وہ ایک بہت بڑا کارنامہ ہے اور اب ہمارے کاروباری میدان جس طرح آباد ہوگئے ہیں اسی طرح کھیلوں کے میدان بھی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آباد ہوگئے ہیں۔ یہاں پر یہ بات میں بلا مبالغہ کہہ دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے نوجوانوں میں جتنا ٹیلنٹ قدرت نے دیا ہے وہ کسی اور خطے میں نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ٹیلنٹ کو نکھارا جائے تو یہ ٹیلنٹ پوری دنیا میں اپنی کامیابی کے جھنڈے ہر میدان میں گاڑ سکتا ہے۔ اسی لئے علامہ اقبال نے کہا تھا کہ ”ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی” گذشتہ روز شہر اقتدار میں نوجوانوں کے اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لئے ملک بھر کی 78 سے زائد یونیورسٹیوں کے طالب علم کھلاڑیوں نے پرائم منسٹر یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ 2024ء میں بھرپور شرکت کی اور مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ ان کھیلوں میں اتھلیٹکس، ہینڈ بال، ٹیبل ٹینس، والی بال، جوڈو، بیڈمنٹن،فٹ بال، ریسلنگ، ڈسک تھرو اور دیگر کھیلوں کے مقابلے شامل تھے۔ اس سلسلے میں ایک عظیم الشان تقریب لیاقت جمنیزیم پاکستان سپورٹس بورڈ اسلام آباد منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان تھے جبکہ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، ایم این اے انجم عقیل، ایم این اے نوشین افتخار، چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد جاوید علی میمن، ڈائریکٹر سپورٹس یونیورسٹی آف سرگودھا مہر احمد خان ہرل، آرگنائزنگ کمیٹی کے کنونیئر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ڈائریکٹر سپورٹس، آفیشلز، طلباء و طالبات کھلاڑی اور سپورٹس کوچز بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پورے ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں ناصرف بحال ہوگئی ہیں بلکہ زور و شور سے جاری ہیں۔ پاکستان کسی ایک فرد یا چند افراد کا ملک نہیں بلکہ یہ 25 کروڑ عوام کی روحوں کو ایک مالا میں پرو دینے کا نام ہے۔ ہمارے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے اور ہم وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر پورے ملک میں ٹیلنٹ پروگرام منعقد کررہے ہیں جس کے تحت تعلیمی اداروں بالخصوص جامعات سے کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا جو قومی اور عالمی سطح پر وطن عزیز کا نام روشن کریں گے۔ رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ پورے ملک سے 78 یونیورسٹیوں کا پرائم منسٹر یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ میں شرکت کرنا ہم سب کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے اور اس سلسلے میں پورے پاکستان کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز مبارک باد کے مستحق ہیں اور ہم اپنے کھلاڑی طالب علموں کے ساتھ انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ جو طالب علم تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں وہ زندگی کے کسی شعبے میں بھی ناکام نہیں ہوتے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد وطن عزیز میں علمی چراغ جلانے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی یونیورسٹیوں کو بھرپور معاونت فراہم کررہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کررہے ہیں۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ یونیورسٹی سپورٹس اولمپیاڈ کا انعقاد کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا لیکن تمام یونیورسٹیوں کے سربراہان بالخصوص یونیورسٹی آف سرگودھا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس سلسلے میں ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں سے امید کرتا ہوں کہ وہ دوران کھیل بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے اور ہم ہر موقع پر اپنے طالب علموں کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے یہ امر بہت خوشی اور دلچسپی کا باعث ہے کہ ہمارے کھلاڑی ایک ایسے فورم پر جمع ہوئے ہیں جہاں انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ کھیلوں کے حوالے سے ایک دوسرے کیساتھ معلومات کا تبادلہ کرنے کا بھی موقع مل رہا ہے۔ جدید دنیا میں کھیلیں اب نئی طرز پر کھیلی جارہی ہیں جس کیلئے کھلاڑیوں کی فٹنس اور ان کی تربیت بہت ضروری ہے اور انہی امور کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف سرگودھا میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ جم قائم کردیا ہے جہاں ہمارے کھلاڑی فٹنس کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ افتتاحی تقریب کی خاص بات چاروں صوبوں کا غیر معمولی کلچرل شو تھا جو تمام حاضرین کی توجہ کا باعث بنا نیز اس موقع پر پاکستان سکاؤٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی۔ تقریب کے اختتام پر ابتدائی نتائج کے مطابق پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں مہمان خصوصی اور مہمان اعزاز نے میڈلز اور انعامات تقسیم کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں