فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب حکومت کی ضد’ فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں شدید سردی کی لہر کے باوجود آج سے تعلیمی ادارے کھول دیئے، شدید سردی اور ٹائم ٹیبل میں تبدیلی کے باعث والدین شدید پریشان’ طلبہ وطالبات کے والدین کا شدید سردی کی وجہ سے تعلیمی اداروں میں چھٹیاں بڑھانے کا مطالبہ۔ تفصیل کے مطابق فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں شدید دھند اور سردی کی لہر جاری ہے۔ لوگوں کا گھروں سے نکلنا محال ہو چکا ہے اور تعلیمی اداروں میں سردی سے بچائو کا مناسب انتظامات نہیں ہیں۔ جبکہ شدید سردی کی وجہ سے بالخصوص چھوٹے بچوں میں بخار’ نزلہ وزکام کی بیماریاں عام ہو چکی ہیں اور ڈاکٹر بھی بچوں کو سردی بالخصوص چھوٹے بچوں میں بخار’ نزلہ وزکام کی بیماریاں عام ہو چکی ہیں اور ڈاکٹر بھی بچوں کو سردی سے بچنے کیلئے حفاظتی اقدامات اور گھروں سے بلاوجہ نکلنے سے منع کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔ جبکہ حکومت پنجاب نے شدید سردی کے باوجود آج سے تعلیمی ادارے کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے اور سردی کی وجہ سے سکول کے ٹائم ٹیبل میں صبح ساڑھے نو بجے سے دوپہر اڑھائی بجے تک کھولنے کا کہا گیا ہے۔ جس کے باعث والدین شدید پریشان ہو گئے جبکہ سرکاری وپرائیویٹ اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کے دفاتر صبح 8بجے کھل جاتے ہیں اور وقت پر دفاتر میں پہنچنا ہوتا ہے اور والدین کو صبح ساڑھے نو بجے تک بچوں کو تعلیمی اداروں میں پہنچانا مشکل ہو گیا۔ وہ دفتر جائیں یا بچوں کو سکولوں میں پہنچائیں۔ طلبہ وطالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب اپنی ضد چھوڑ کر شدید سردی کی لہر تک تعلیمی ادارے بند کئے جائیں۔ حکومت پنجاب نے لاہور میں تعلیمی ادارے 24 جنوری تک بند کئے ہیں۔ فیصل آباد بھی پنجاب کا دوسرا بڑا ضلع ہے۔ فیصل آباد میں بھی شدید سردی کی لہر تک تعلیمی ادارے بند کئے جائیں۔
