179

پنجاب کابینہ میں فیصل آباد کو نظر انداز کردیا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے 8فروری 2024ء کو ہونے والے عام انتخابات میں پنجاب کے دوسرے بڑے صنعتی شہر فیصل آباد سے کامیاب ہونے والے لیگی ایم پی ایز کو پنجاب کابینہ میں شامل نہیں کیا۔ حالیہ الیکشن میں ضلع فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کو شکست کے بعد مانچسٹر آف پاکستان فیصل آباد کو پنجاب کابینہ میں شامل نہ کرنے سے مسلم لیگ (ن) کو مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو ضلع فیصل آباد سے بدترین شکست ہوئی اور ضلع فیصل آباد سے پی پی102 سے جعفر علی ہوچہ’ پی پی104 سے عارف محمود گل’ پی پی105 سے کاشف رحیم اور پی پی 109 سے ظفر اقبال ناگرہ کامیاب ہوئے جن کی مسلم لیگ (ن) سے پرانی وابستگی کے ساتھ ساتھ متعدد دفعہ ممبران صوبائی اسمبلی منتخب ہوتے چلے آ رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو فیصل آباد میں شکست کے بعد فیصل آباد کے مسائل اور عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کامیاب ہونیوالے لیگی ممبران صوبائی اسمبلی کو پنجاب کابینہ کا حصہ نہ بنانے پر فیصل آباد میں مسلم لیگ (ن) کا گراف مزید نیچے گرنے کا اندیشہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے 18رکنی پنجاب کابینہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کابینہ میں پڑھے لکھے فارن کوالیفائیڈ ممبران کو پنجاب کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے اور صوبہ کی تعمیر وترقی’ عوام کی خوشحالی کیلئے خدمت کے جذبہ سے آگے بڑھیں گے اور صوبہ کی عوام کی بلاامتیاز خدمت کی جائے گی جبکہ پنجاب کابینہ میں فیصل آباد کو نظرانداز کئے جانے پر شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ جبکہ پنجاب کی نئی بننے والی کابینہ میں لاہور کے 7وزراء اور 13 دیگر نئے چہروں کو صوبائی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے اور خواتین نشستوں پر آنے والی دو خواتین اور اقلیتی سیٹ پر صوبائی اسمبلی کا حصہ بننے والوں کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ ملک کے تیسرے بڑے صنعتی شہر سے کامیاب ہونے والے کسی بھی لیگی ایم پی اے کو صوبائی کابینہ میں شامل نہ کرنے سے پنجاب کے دوسرے بڑے شہر کو نظرانداز کرنا لمحہ فکریہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں