فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت ملتے ہی شوگرمافیا سرگرم ، مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتوں میں10روپے فی کلوگرام اضافہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق شوگرمل پاکستان کی طرف سے چینی کی وافرمقدار میں موجودگی کا بہانہ بنا کر حکومت سے چینی ایکسپورٹ کرنیکی اجازت طلب کی اورحکومت کویقین دہانی کروائی تھی کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی تاہم حکومت پاکستان کی طرف سے چینی کی ایکسپورٹ کی اجازت ملتے ہی شوگرمافیا دوبارہ سرگرم ہوگیا ابھی چینی ایکسپورٹ ہوئی نہیں کہ شوگر مل مالکان نے چینی کو مارکیٹ میں بھیجنا بند کر دیا اوردوسری طرف ذخیرہ اندوزوں نے بھی مارکیٹ میں چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں 10روپے فی کلو تک اضافہ کردیا غریب عوام جوآئے روز اشیاء خوردونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں میں اضافہ سے پریشانی کا شکار ہے اورخودکشیاں کرنے پر مجبور ہے جبکہ انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے ۔شہری حلقوں نے وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف اورارباب اختیارسے مطالبہ کیا ہے کہ شوگرمافیا کو لگام ڈالنے کیلئے موثراقدامات کئے جائیں۔
