لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر خواجہ سلمان رفیق نے ہڑتالی ڈاکٹروں کو پیر تک ڈیوٹی پرواپس آنے کی ڈیڈ لائن دیدی ہے۔لاہورمیں وزیر پرائمری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ تمام اسپتالوں میں پیر تک او پی ڈی ہر صورت بحال ہونی چاہیے،مریضوں کے علاج میں ایک فیصد بھی تعطل برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے ہیلتھ کیئر پرووائیڈرز کے ساتھ کھڑے ہیں، ہڑتال کرنے والوں کے ساتھ نہیں، بلا جواز ہڑتال کسی مسئلے کا حل نہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں پرچی کانٹرز بلاتعطل چلنے چاہئیں، ہڑتالی ڈاکٹرزکو ڈیوٹی پر آنے کیلئے 24 جون تک ڈیڈلائن دے رہے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کے ذمہ داران اتوار تک ڈیوٹی روسٹر فراہم کریں۔اس موقع پر خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ خانیوال اورساہیوال میں بچوں کی اموات پر افسردہ ہیں، اسپتالوں میں ہڑتال کلچر ختم ہوناچاہیے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ کسی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے، ڈاکٹرز کو بے روزگار نہیں کرنا چاہتے، مزید بھرتیاں کرنے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے ساہیوال واقعے میں ڈاکٹرز کی گرفتاری اور خانیوال میں نرس کی گرفتاری کے خلاف ہڑتال کی گئی ہے۔ہڑتال کرنے والے ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خانیوال سے گرفتار نرس کو رہا کیا جائے، ساہیوال واقعے میں ڈاکٹرز کو گرفتار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
