فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) الائیڈ ہسپتال شعبہ پوسٹ مارٹم میں ڈاکٹرز اور عملہ کی کمی کی وجہ سے مختلف واقعات میں قتل وموت کا شکار ہونے والوں کے پوسٹ مارٹم تاخیر کا شکار ہونے لگے۔ تفصیل کے مطابق مختلف واقعات میں مخالفین کے ہاتھوں قتل’ ٹریفک حادثات میں زندگی کی بازی ہارنے والے اور زہرخوانی سمیت دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے الائیڈ ہسپتال مارچری یونٹ لایا جاتا ہے، جہاں پر ڈاکٹرز اور عملہ کی کمی کی وجہ سے لواحقین کو پوسٹ مارٹم کروانے میں گھنٹوں انتظار کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور تاخیر سے پوسٹ مارٹم ہونے سے قانونی پیچیدگیاں بھی سامنے آ رہی ہیں، اس حوالے سے شعبہ پوسٹ مارٹم کے عملہ اور پولیس کی طرف سے وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر چوہدری کے علم میں لایا گیا جس پر موصوف نے شہر کے بڑے ہسپتالوں الائیڈ وسول ہسپتال کے سی ایم اوز کو احکامات جاری کئے کہ وہ بروقت نعشوں کا پوسٹ مارٹم کرنے کی ہدایت کی۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ سی ایم اوز اپنی ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد شعبہ پوسٹ مارٹم جاتے ہیں جس کی وجہ سے پوسٹ مارٹم کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وی سی کو چاہیے کہ وہ شعبہ پوسٹ مارٹم میں مستقل بنیادوں پر عملہ کو تعینات کیا جائے۔
