فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈرگ کورٹ کے چیئرمین نے گزشتہ برس 2023ء کے دوران جعلی مضرصحت ادویات کی فروخت اور تیار کرنے والے 1372 کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر 11کروڑ 63لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کئے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق ڈرگ انسپکٹرز کی طرف سے ضلع بھر میں جعلی’ مضرصحت’ زائد المیعاد ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹور اور جعلی ادویات تیار کرنے والے یونٹس کے خلاف بھرپور کاروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ برس 2023ء کے دوران ڈرگ کورٹ میں 1594 مقدمات کے چالان داخل کروائے گئے۔ ڈرگ کورٹ کے چیئرمین سید خالد جاوید بخاری نے 1372 کیسز کا فیصلہ سناتے ہوئے مذکورہ مقدمات میں ملوث میڈیکل سٹور مالکان اور جعلی ادویات تیار کرنے والوں کو مجموعی طور پر 11کروڑ 63لاکھ 26ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ اس وقت ڈرگ کورٹ میں 5سو سے زائد کیسز زیرسماعت ہیں۔
