فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں سرگرم اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر گولیاں مار کر ایک شخص کو قتل اور دو کو بری طرح زخمی کر دیا، جبکہ پولیس کی یونیفارم میں ملبوس ڈاکو شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس ناکہ بندیوں کے باوجود اتھرے ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ تفصیل کے مطابق تھانہ منصورآباد کے علاقہ 80 مربع فیصل پلی کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے مزاحمت پر 50سالہ شخص کو گولی مار کر مار ڈالا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر متوفی کے ورثاء اور نامعلوم قاتلوں کی تلاش شروع کر دی۔ جبکہ مدینہ ٹائون ایکس بلاک کے رہائشی بلال نے بتایا کہ وہ رسول پارک میں موبائل شاپ بند کر کے گھر آ رہا تھا کہ راستے میں دو مسلح ڈاکوئوں نے 6لاکھ روپے چھین کر مزاحمت پر گولی مار دی، ترکھانی کے علاقہ زاہد محمود کا کہنا ہے کہ انڈے فروخت کر کے ڈجکوٹ سے واپس آ رہا تھا کہ 472 گ ب کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے گھیر لیا گن پوائنٹ پر 46ہزار روپے سے زائد رقم چھین کر مزاحمت پر گولی مار کر بری طرح زخمی کرکے فرار ہو گئے، مضروبان کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ علاوہ ازیں رضاآباد کے علاقہ کریم ٹائون بیس لائن کے قریب پولیس وارڈنز کی وردیوں میں ملبوس دو مسلح افراد جن کے پاس وائرلیس سیٹ بھی تھا، کاغذات چیک کرنے کے بہانے روک لیا اور گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل لیکر تھانے آنے کا کہہ کر رفوچکر ہو گئے، پولیس تلاش کے باوجود سماج دشمن عناصر کا سراغ نہ لگا سکی۔
