لاہور(بیوروچیف)پنجاب سے انتخابی سیاست میں کئی دہائیوں سے منتخب ہونیوالی10قدآور شخصیات انتخابات2024ء سے پیرانہ سالی یا دیگر وجوہات کی بنا پرانتخابی سیاست سے الگ ہوگئی ہیں۔ ان میں بعض سیاسی شخصیات 1962 سے انتخابی سیاست میں حصہ لیتی چلی آرہی تھیں اور اعلی ترین حکومتی عہدوں پر بھی فائز رہی ہیں۔ پنجاب کیسابق گورنرسردار ذو الفقار علی خان کھوسہ پہلی بار حالیہ عام انتخابات میں حصہ نہیں لے رہے۔ ڈیرہ غازی خان سے ان کی خالی نشستوں پر ان کے صاحبزادے سردار سیف الدین کھوسہ اور سردار دوست محمد کھوسہ قومی و صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑ رہے ہیں، ۔ سردار ذوالفقار علی کھوسہ 1962 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوتے آرہے تھے۔سردار نصر اللہ خان دریشک کئی دہائیوں کے بعد پہلی بار انتخابی سیاست سے باہر ہوئے ہیں وہ 1970 سے قومی و صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوکر مختلف ادوار میں صوبائی و وفاقی وزیر رہ چکے ہیں۔
