لاہور (بیوروچیف ) ملک بھر میں آٹے کے شدید بحران کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی ملیں بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔ فلور ملز ایسوسی ایشن نے محکمہ خوراک کو جمعہ تک کی وارننگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ہمارے خلاف بے بنیاد کارروائیاں بند نہ کی گئیں تو ملز کو تالے لگادیں گے ۔چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن چودھری افتخار احمد نے کہا محکمہ خوراک نے 13 فلورملز کو بند کردیا ہے، آٹے کے ٹرکنگ اسٹالز غیر محفوظ ہو رہے ہیں، ٹرکنگ پوائنٹس پر سیکیورٹی نہ دی گئی تو فلور ملز سپلائی بند کردیں گی۔چیئرمین فلورملز ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ ہم سرکاری آٹا فلورملز کے گیٹ پر دینے کے پابند ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی گندم کی بین الاضلاعی سپلائی پر عائد پابندی ختم کی جائے۔چودھری افتخار نے الزام عائد کیا حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت بڑھی،فلور ملز کو گندم کا کوٹہ کم کیا گیا تو عوام پس جائیں گے۔ چودھری افتخار نے کہا کہ فلورملز کو بند کرنے سے پہلے شوکاز نوٹس دینا چاہیے۔
34