40

کاشتکار کماد کی کاشت کیلئے بیج کا انتخاب احتیاط سے کریں

فیصل آباد (پ ر) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکار بہاریہ کماد کی کاشت کیلئے بیج کا انتخاب کرتے وقت احتیاط سے کام لیں۔کاشتکار کماد کی بوائی کیلئے ایسے کھیتوں سے بیج کا انتخاب کریں جو مکمل صحتمند ہو، کورے سے متاثرہ اوررتہ روگ یاکسی بھی اوربیماری سے بیج بالکل پاک ہونا چاہیے۔بیج کاٹنے سے پہلے گنے کی آنکھوں کا اچھی طرح معائنہ کر لیں۔بیج کیلئے کاٹے گئے ٹکڑوں پر کم از کم دو یا تین آنکھیں موجود ہونی چاہیں۔گنے کی آنکھوں کو زخمی ہونے سے بچانے کیلئے درانتی یا پلچھی کا استعمال نہ کریں اور گنے کی کھوری اپنے ہاتھوں سے اتاریں۔ترجمان نے مزید کہا کہ بیج کیلئے لیری فصل(یک سالہ)سے انتخاب کریں،حتی الوسع مونڈھی فصل سے بیج کا انتخاب نہ کریں۔بیج کیلئے گنے کے اوپر والا حصہ استعمال کرنا چاہیے۔بیج تیار کرنے کے بعد بوائی میں دیر نہیں کرنی چاہیے اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو بیج کو کھوری سے ڈھانپ کر رکھیں اور وقفے وقفے سے پانی چھڑکتے رہیں تاکہ گنے خشک نہ ہو جائیں۔بیج کو پھپھوندی کش زہروں کے محلول میں3 سے5 منٹ تک بھگو کر کاشت کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں