کمالیہ(نامہ نگار) سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی رانا نسیم اقبال کودا نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا کہ سندھ کے لوگوں کے دلوں میں پیپلز پارٹی راج کرتی ہے ۔ عوام نے جس طرح سے پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کروایا ہے وہ فقید المثال ہے ۔ انتخابات کے نتائج کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست نہ صرف کراچی بلکہ سندھ میں دم توڑ چکی ہے اور آگے بھی پی ٹی آئی کو پورے ملک میں ایسے ہی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا نمائندگان سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے پیپلز پارٹی کے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ کراچی میں ذوالفقار علی بھٹو شہید کے ویژن کو لے کر آگے بڑھیں گے۔
