31

کمالیہ میں جشن بہاراں تقاریب کویاد گار بنایا جائیگا ‘ اے سی انعم فاطمہ

کمالیہ(نامہ نگار) اسسٹنٹ کمشنر و ایڈمنسٹر یٹر میونسپل کمیٹی کمالیہ ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا ہے کہ جشن بہاراں کے سلسلہ میں منعقد ہونے والی تقا ریب شہر کی تاریخ میں مثالی تقاریب ہوں گی ۔ جن میں نہ صرف عوام بلکہ سرکاری محکمہ جات کے افسران اور عہدیداران بھی شریک ہوں گے۔ ا ن تقاریب کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق 7 مارچ کو گرلز سپورٹس گالا کا انعقاد گرلز کالج کمالیہ میں کیا جائے گا۔ 8 مارچ کو فیملی فیسٹول کی افتتاحی تقریب منعقد ہو گی جس میں تلاوت قرآن پاک، حمد و نعت کے بعد جھومر پارٹی، گھڑ ڈانس، ڈاگ شو، سنیئر ریس، نیزہ بازی اور میلہ مویشیاں کا انعقاد گورنمنٹ پی ایس ٹی کالج میں کیا جائے گا۔ 9 مارچ فٹ با ل میچ گورنمنٹ پی ایس ٹی کالج میں شام 3 بجے جبکہ ٹیبل ٹینس کا میچ رات 7 بجے ذیشان کالونی کمالیہ میں کھیلا جائے گا۔ 10 مارچ کو والی بال میچ کا انعقاد میونسپل کمیٹی گراؤنڈ میں رات 7 بجے ہو گا۔ 11 مارچ کو ایجوکیشن سپرنگ گالا، آرٹس مقابلہ جات کا انعقاد گورنمنٹ ہائی سکول اور سپیشل ایجوکیشن ثقافتی پرفارمنس انعقاد سپیشل ایجوکیشن سکول کمالیہ میں ہو گا۔ جبکہ اختتامی تقریب اور تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد 14 مارچ کو میونسل کمیٹی آفس میں کیا جائے گا۔ جشن بہاراں فیسٹول میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں