کمالیہ(نامہ نگار) محکمہ سوئی گیس دوہائی ہے دوہائی ۔ گیس نہ صبح آئی اور نہ ہی شام کو آئی ۔ کمالیہ شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ تاحال برقرار ہے ۔ شہری سوئی گیس کی عدم فراہمی سے مجبور ہو کر مہنگے داموں ایل پی جی سلنڈر اور خشک لکڑیاں خرید کر گزارا کر رہے ہیں جو کہ آج کل کی بڑھتی ہوئی مہنگائی کے دوران شہر یوں کی جیب پر ایک اضافی بوجھ ہے ۔ اس حوالہ سے سروے رپورٹ میں اظہار خیال کرتے ہو ئے شہریوں رئیس احمد ، محمد نبیل ، بلال حیدر ، وسیم قریشی ، محمد آصف ، شہزاد علی و دیگر نے کہا کہ محکمہ سوئی گیس کی جانب سے جاری کردہ گیس کی فر ا ہمی کے اوقات کار میں بھی گیس فراہم نہیں کی جا رہی ۔ گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ 18 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے ۔ اگر کسی علاقے میں سو ئی گیس کی فراہمی ممکن ہوجاتی ہے تو اس کا پریشر اتنا کم ہوتا ہے کہ گھریلو امور خانہ داری بھی ممکن نہیں ہوتے ۔ ایسے حالات میں عوام کو مہنگے د ا مو ں ایل پی جی اور خشک لکڑیاں خریدنا مجبوری بن چکا ہے ۔ مہنگائی کے اس دور میں جہاں دو وقت کی روٹی بھی میسر نہیں ہو رہی وہاں گھروں میں چولہے جلانے کیلئے اضافی خرچ برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔
