کمالیہ(نامہ نگار) کمالیہ میں بھل صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر کمالیہ شہر اور گردونواح میں قائم نہروں کی بھل صفائی کی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ نہروں کی بھل صفائی نہ ہونے سے کاشتکاروں کو فصلوں کے لئے پانی کی مطلوبہ مقدار نہیں مل رہی تھی جس سے وہ پریشانی کا شکار تھے۔مگر اب نہروں کی بھل صفائی کے آغاز سے کسانوں کو درپیش یہ مسئلہ ختم ہوجائے گا۔ محکمہ زراعت کے ذرائع کے مطابق بھل صفائی کا یہ عمل تقریباً آٹھ سے دس دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بھل صفائی کا مقصد نہروں کی مکمل طور پر صفائی کرنا ہے تا کہ نہر کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک پانی کی فراہمی بہترین انداز میں ممکن ہوسکے۔ اس سے کاشتکاروں کو فصلوں کو سیراب کرنے کے لئے پانی کی یکساں مقدار میسر ہو گی جس سے فصل کی فی ایکٹر پیداوار میں بھی اضافہ ہو گا۔ نہروں کی بھل صفائی کو کاشتکاروں اور زمینداروں نے خوش آئندقرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بھل صفائی کے اس عمل کو جلد از جلد مکمل کیاجائے تا کہ وہ نہری پانی سے فصلوں کو سیراب کر سکیں۔
36