ساہیوال(بیورو چیف)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سیدنے ڈویژن کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت میں مریضوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا، مفت ادویات کی دستیابی اور ہر مریض کو چیک کرنا یقینی بنایا جائے، محکمہ صحت کے ضلعی افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے ساتھ میٹنگز کر کے ہسپتالوں کے معاملات کو بہتر کیا جائے، ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں چیف سیکرٹری پنجاب کے ویڈیو لنک اجلاس کے بعد تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دے رہے تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ جن ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ادویات کی فراہمی میں رکاوٹیں ہیں انہیں فوری دور کیا جائے اور تمام اداروں میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں میں موجود سہولیات کا جائزہ لیں اور کسی بھی کوتاہی کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت پر ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو ان ادویات کی فراہمی ہرصورت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
