فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالفطر قریب آتے ہی ضلعی پولیس نے مین شاہراہوں’ چوکوں میں بھیک مانگنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ایک سو کے لگ بھگ گداگروں کو پکڑ لیا’ پولیس کی کارروائیوں کے باوجود شہر بھر میں پیشہ ور گداگروں کی بھرمار جاری’ ٹریفک سگنلز بند ہوتے ہی گداگر گاڑیوں کی طرف لپکتے ہیں جسکی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کے بہائو میں خلل آتا ہے بلکہ حادثات ہونے کا بھی اندیشہ رہتا تھا جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے محکمہ سوشل ویلفیئر کی طرف سے انسداد گداگری مہم سردخانے کی نذر ہو چکی ہے۔ تفصیل کے مطابق عیدالفطر کے قریب آتے ہی فیصل آباد سمیت دیگر شہروں سے بھی گداگروں کی بڑی تعداد فیصل آباد پہنچ چکی ہے اور مین شاہراہوں’ بازاروں’ گلی محلوں میں ٹولیوں کی شکل میں بھیک مانگتے نظرآتے ہیں۔ بالخصوص مسجدوں کے باہر قطاروں میں کھڑے ہو کر بھیک مانگتے ہیں۔ شہر بھر کے گلی محلوں میں گداگروں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر رکھا ہے جبکہ شہر بھر کے اہم چوراہوں ریلوے اسٹیشن چوک’ کچہری بازار چوک’ زرعی یونیورسٹی چوک’ کوہ نور چوک’ گیٹ چوک ستیانہ روڈ’ سمندری روڈ العزیز ہوٹل’ نڑوالا روڈ’ جھنگ روڈ سمیت دیگر اہم چوراہوں اور شاہراہوں پر گداگروں نے ڈیرے جما رکھے ہیں۔ ٹریفک سگنلز بند ہوتے ہی گداگر جن میں خواتین اور بچے گاڑیوں سے چمٹ جاتے ہیں اور مختلف اقسام کی آوازیں لگاتے ہیں۔ شاہراہوں اور چوکوں پر گداگروں کی بھیڑ ہونے اور ٹریفک کے بہائو میں خلل اور حادثات کا باعث بننے لگے ہیں جس پر ضلعی پولیس نے شہر کے اہم چوکوں اور شاہراہوں پر گداگروں کے خلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے ایک سو سے زائد گداگروں کو پکڑ کر ان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سوشل ویلفیئر کی جانب سے انسداد گداگری مہم ٹھپ ہو کر رہ گئی۔ شہری حلقوں نے کمشنر فیصل آباد مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کریک ڈائون کیا جائے۔
