فیصل آباد (پ ر )چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملزایسوسی ایشن (اپپٹما )حافظ شیخ محمد اصغر قادری نے کہا ہے کہ بجلی اورگیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود گردشی قرضے تقریباً چھ کھرب روپے تک بڑھ جانا حیران کن ہے ۔ عوام کبتایا گیا تھا کہ توانائی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ گردشی قرضے کے خاتمے کے لئے کیا جارہا ہے مگر اس سے الٹ ہوا ہے اب گردشی قرضی ملکی معیشت سے 5.4 فیصد کے برابر ہو گیا ہے جس پر قابو پایا نہ گیا تو معیشت برف کی طرح پگھل سکتی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ نومبر 2023 ء تک گردشی قرضے 5.725 کھرب تک پہنچ چکا تھا جس پر پاور سیکٹر کا قرضہ 2.703 کھرب روپے تھا جبکہ گیس سیکٹر کا قرضہ جو چند سال پہلے کچھ ارب روپے کا ہوتا تھا اس نے پاور سیکٹر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اسکا قرضہ 3.022 کھرب تک پہنچ گیا ہے ۔
