26

گنے سے اوور لوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں بجلی کی تاروں سے ٹکرانا معمول بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گنے سے اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالی مین شاہراہوں پر بجلی کی تاروں سے ٹکرا کر آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو گیا، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس اوور لوڈ ٹرالیوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں۔ تفصیل کے مطابق کرشنگ سیزن شروع ہونے کے بعد سے اب تک زمینداروں کی طرف سے گنا شوگر ملوں تک پہنچانے کے دوران ٹرالیوں کو بہت زیادہ بھر لیا جاتا ہے اور اکثر دیکھنے میں آیا ہے کہ گنوں سے اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیاں کسی نہ کسی جگہ بجلی کی مین تاروں سے ٹکرانے سے آگ کی لپیٹ میں آ جاتی ہیں جسکی وجہ سے زمیندار کو نہ صرف مالی نقصان ہوتا ہے کہ بلکہ بعض اوقات یہ حادثات جان لیوا بھی ثابت ہو رہے ہیں۔ گزشتہ شب بھی کنجوانی شوگر مل کے قریب گنے سے لوڈ ٹرالی بجلی کی تاروں سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی’ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ کماد اور بھوسہ سے اوورلوڈ ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ حادثات سے محفوظ رہا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں