گوجرہ (نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت کا کوئی فیصلہ قبول نہیں، قرض آپ لیں،ٹیکس عوام دے، ایسا سسٹم نہیں چلے گا، حکمرانواں سے پورا حساب کتاب ہوگا۔آئی ایم ایف کا 23واں پروگرام چل رہا ہے، قرضوں سے بہتری آتی تو پاکستانی قوم مریخ پر ہوتی۔ حکومت نے حشر برپا کردیا، لوگوں کے لیے سانس لینا دشوار ہوگیا۔ عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں، حکمران نئی گاڑیاں درآمد کررہے ہیں، روزانہ نیا وزیر یا مشیر حلف اٹھارہاہے۔دیگرخوشحال ممالک میں اتنے وزیر نہیں ہوتے جتنے مقروض پاکستان میں بنائے جاتے ہیں۔170 ارب کے نئے ٹیکسز فی الفور واپس لیے جائیں، منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں۔ مہنگائی، بے روزگاری اور آئی ایم ایف غلامی کے خلاف جاری تحریک کو ملک کے طول و عرض میں پھیلائیں گے، پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی سیاست دفن ہونے کا وقت آگیا، یہ لوگ کب تک عوام کو جھوٹے نعروں سے بے وقوف بناتے رہیں گے۔ رونے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، عوام کو اپنے حق کے لیے لڑنا اور جْڑنا ہو گا۔ ملک میں اسلامی نظام ہوتا تو آج یہ حال نہ ہوتا، کرپٹ ٹرائیکا سٹیٹس کو کا محافظ ہے، یہ نہیں چاہتے عوام خوشحال ہوں، ملک ترقی کرے۔ اس وقت جماعت اسلامی کے علاوہ پارلیمنٹ میں موجود سبھی جماعتیں اقتدار میں ہیں، قوم نے سب کو دیکھ لیا، اب ایک موقع جماعت اسلامی کو ملنا چاہیے، عوام ہمارے ساتھ تعاون کریں،وعدہ کرتا ہوں کہ ملک کو جدید اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔
29