10

ہلال روڈ پر گرینڈ آپریشن،پختہ تجاوزات مسمار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن’ کمشنر مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ڈپٹی چیف آفیسر MCF عظمت فردوس نے انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ ہلال روڈ سٹاپ نمبر 3تا5 پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دکانوں’ گھروں کے باہر تھڑے’ گیراج اور واش رومز سمیت دیگر پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ آٹھ بازاروں کا وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے بھی عائد کر دیئے’ رحمانیہ روڈ’ پیپلزکالونی قبرستان’ چن ون روڈ’ ٹینکی روڈ’ سروس روڈ پر ریڈمارکنگ کر دی’ وہاں کے تاجروں’ اہل علاقہ کو وارننگ دی کہ وہ اپنے گھروں کے باہر سے پختہ تجاوزات کو ازخود ختم کر دیں اور تاجر شاپس کے باہر فٹ پاتھ کو خالی رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں کی مشکلات میں کمی آئے۔ تفصیل کے مطابق ڈپٹی چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن آفیسر عظمت فردوس نے گزشتہ روز ہلال روڈ پر سٹاپ نمبر 3تا5 پر انسداد انکروچمنٹ عملہ کے ہمراہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے پہنچیں اور آپریشن کی نگرانی خود کرتی رہی۔ دکانوں کے باہر پختہ تھڑوں کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کر دیا جبکہ اس کی ملحقہ گلیوں میں گھروں کے باہر تھڑوں’ گیراج اور واش رومز کو بھی مسمار کر دیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر موجود رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے دوبارہ تجاوزات کرنے کی کوشش کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ جبکہ انہوں نے آٹھ بازاروں میں بھی وزٹ کرتے ہوئے دوبارہ تجاوزات کرنے والوں کا سامان ضبط کرتے ہوئے ان کو بھاری جرمانہ عائد کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی دوبارہ تجاوزات کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو خالی رکھیں۔ تاہم گزشتہ روز رحمانیہ روڈ پر تجاوزات کرنے والوں کو وارننگ دینے کے بعد آج رحمانیہ روڈ پر آپریشن’ جبکہ پیپلزکالونی’ چن ون روڈ’ ٹینکی روڈ اور سروس روڈ پر دکانداروں کو تنبیہہ کی کہ وہ دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو خالی رکھیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں