42

ہیپاٹائٹس سے عالمی سطح پرسالانہ 8لاکھ اموات

کراچی(بیوروچیف)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (JSMU) میں JPMC کے وارڈ 7 کے زیر اہتمام “آئیے ہیپاٹائٹس بی سے چھٹکارا حاصل کریں” کے موضوع پر ایک سیمینار ہوا جس میں ماہر ڈاکٹر مریم وقاص نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس بی سے 296 ملین افراد متاثر ہیں جن میں 5 سال سے کم عمر کے 60 لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔ جے ایس ایم یو کے CME ڈپارٹمنٹ کے تعاون سے ہونے والے سیمینار میں سندھ میڈیکل کالج کے پرنسپل اور جناح ہسپتال میں وارڈ 7 کے سربراہ، پروفیسر سید مسرور احمد نے بتایا کہ ہر سال تقریباً 820,000 اموات (جون 2022 کی رپورٹ کے مطابق) ہیپاٹائٹس بی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے اسکی ویکسین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس ایک قابل علاج بیماری ہے۔شیخ الجامعہ پروفیسر امجد سراج میمن نے سیمینار میں دوران خطاب کہا کہ شدید اور مختلف قسم کے ہیپاٹائٹس کی درست تشخیص صرف الٹراساؤنڈ امیجنگ کے ذریعے ممکن نہیں ہے۔ متبادل تشخیصی طریقے اور احتیاط ضروری ہے جس سے علاج میں آسانی ہو سکتی ہے۔ایس آئی یو ٹی سے معدے کے ماہر پروفیسر ناصر لک کے مطابق ہیپاٹائٹس کے علاج کا بنیادی مقصد بیماری کو بڑھنے سے روکنا،جگر کے کینسر کی موجودگی کو کم کر کے طویل مدتی بقا کے نتائج کو بہتر بنا کر بقا اور معیار زندگی دونوں کو بڑھانا ہے۔ اس جامع نقطہ نظر کا مقصد حالت کو مؤثر طریقے سے سنبھالنا اور مریضوں کی مجموعی صحت کو بہتر بناناہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے 2030 تک وائرل ہیپاٹائٹس کو صحت عامہ کے خطرے کے طور پر ختم کرنے کے مقصد کے ساتھ ایک عالمی ہیپاٹائٹس کی حکمت عملی اپنائی ہے۔ جس سے ہیپاٹائٹس بی اور سی کے نئے پیچیدہ کیسز میں 90 فیصد کمی اور اسکی وجہ سے اموات میں 65 فیصد تک کمی کا امکان ہے۔شعبہ میڈیسن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر، میڈیکل یونٹ 4 کے سربراہ ڈاکٹر ذیشان علی جونیجو نے بتایا کہ ہیپاٹائٹس حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو متاثر کر سکتا ہے۔ حاملہ خواتین میں ہیپاٹائٹس بی کی جانچ کرائی جانی چاہیے تاکہ بچے میں منتقلی کو روکا جا سکے۔اگر بچے کو ضروری ٹیکے لگوادیے جائیں تو اس کے لیے متاثرہ ماں کا دودھ پینا محفوظ ہے۔انہوں نے حمل اور دودھ پلانے کے دوران معالج سے مسلسل مشورہ کرنے پر زور دیا۔معروف معدے کے ماہر پروفیسر بدر فیاض زبیری نے اس بات پر زور دیا کہ احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے تمام میڈیکل طلبائ اور ہیلتھ کیئر ورکرز سے درخواست کی کہ وہ ویکسین ضرور لگائیں۔سیشن میں ممتاز پروفیسر اقبال آفریدی، ڈائریکٹر CME ڈاکٹر راحت ناز، ڈین فیکلٹی آف بیسک میڈیکل سائنسز پروفیسر اظہر مغل اور JSMU کے دیگر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ JSMU کی فیملی میڈیسن انسٹی ٹیوٹ نے ہیپاٹائٹس پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام (HPCP) اورSentilil Site (وارڈ 7، JPMC) کے تعاون سے ڈاکٹر مسرور احمد پرنسپل SMC کی نگرانی میں اسکریننگ، ٹیسٹنگ اور ویکسینیشن کے لیے ایک کیمپ کا انعقاد کیا۔جس میں ہیپاٹائٹس بی اور سی کے لیے ٹیسٹ کروائے گئے اور ان کی ویکسین لگائی گئی تھی۔ کیمپ کی سہولت انچارج HPCP ڈاکٹر فریحہ کامران اور ہیڈ آف فیملی میڈیسن ڈاکٹر کرن عبدالستار نے فراہم کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں