دامن صاف’ عزم جوان ہو، کچھ کر گزرنے کا جذبہ ہو، تو انسان کامیابیوں کے زینے چڑھتا جاتا ہے، اﷲ تعالیٰ نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا اور بے شمار خوبیوں وصلاحیتوں سے نوازا ہے اور اگر وہ محنت ولگن سے کام لے تو رنگ’ ذات پات’ جنس’ وسائل کی کمی یا دیگر کوئی بھی بات اس کی راہ میں رکاوٹ پیدا نہیں کرتی اور وہ جس میدان میں بھی مصروف عمل ہو، کامیابی اس کا مقدر بنتی ہے، میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ حافظہ عظمت فردوس اس کی زندہ وجاوید مثال ہیں، جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے تجاوزات سے پاک’ صاف ستھرا پنجاب کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انتھک محنت کے ساتھ کام کرتے ہوئے فیصل آباد بھر سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جو کارروائیاں کیں اس کا ہر خاص وعام معترف ہے، چار ماہ قبل تجاوزات کیخلاف چلائی جانیوالی مہم کے ثمرات سے فیصل آباد کو صاف ستھرا شہر اور اس کا اصلی حسن بحال کرنے میں بڑی مدد ملی ہے، ڈویژنل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن فیصل آباد محترمہ مریم خان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے جب فیصل آباد کو صاف ستھرا اور خوبصورت ترین شہر کا عمل شروع کیا تو ان کے اقدامات سے ظاہر ہو گیا کہ انہوں نے مانچسٹر آف پاکستان کا تاریخی حسن بحال کرنے کی ٹھان رکھی ہے، ان کی ہدایات کی روشنی میں میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ حافظہ عظمت فردوس جس خوش اسلوبی کے ساتھ فیصل آباد بھر سے تجاوزات کا صفایا کر رہی ہیں، وہ قابل تحسین ہے، اپنے فرائص منصبی کی ادائیگی کے دوران ان کی محنت اور اپنے کام سے لگن قابل دید ہوتی ہے، محنت کبھی ضائع نہیں جاتی، کبھی انسان تو اس کی محنت کا پھل فوری طور پر نہیں ملتا تو وہ گھبرا کر مایوسی کی راہ اپنا لیتا ہے، فیصل آباد میں تجاوزات کیخلاف قبل ازیں کی جانیوالی کئی کارروائیاں بھی بعض مواقع پر کئی لوگوں کی مایوسی کے باعث کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکیں مگر محنت کا پھل ایک دن ضرور ملتا ہے، کبھی جلدی اور کبھی دیر سے ، جو لوگ فوری طور پر نتیجہ حاصل نہ ہونے کی وجہ سے محنت چھوڑ دیتے ہیں، ان کی مایوسی ہی ان کی محنت کا پھل نہ ملنے کا باعث بنتی ہے، جو لوگ فوری نتیجہ حاصل نہ ہونے کے باوجود محنت کی روش نہیں چھوڑتے وہ اپنی محنت کا پھل کئی گنا بہتر پاتے ہیں، فیصل آباد سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے نسیم صادق کے اقدامات کو لوگ آج بھی یاد کرتے ہیں اور اب میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ حافظہ عظمت فردوس کی فیصل آباد سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کی جانیوالی کاوشوں کے ثمرات سامنے آنے سے لوگ انہیں ”نسیم صادق ثانی” کہنے لگے ہیں، بلاشبہ! کامیابی ہر اس شخص کو ملتی ہے جو محنت کرتا ہے، کوئی بھی کامیابی بغیر محنت کے حاصل نہیں ہوا کرتی، انسان محنت کرے تو کامیابی اس کے قدم چومتی ہے اور کیا خوب کہا گیا ہے کہ، محنت کامیابی کی کنجی ہے، قرآن پاک میں اﷲ تعالیٰ نے محنت کرنے والوں کو پسند فرمایا ہے، مسلسل جدوجہد درحقیقت انسانی صبر وتحمل کا امتحان ہوتی ہے، محنت کے لیے ایک بنیادی اصول مقرر کیا گیا ہے اور وہ یہ کہ انسان کے لیے کوشش کے سوا کچھ نہیں، کیا خوب کہا گیا ہے کہ جو جما رہا وہ اُگ گیا، یعنی جس نے مسلسل محنت کی وہ ضرور کامیاب ہوا، دنیا میں بہت سے افراد ایسے ہیں کہ ان کے دل میں یہ جذبہ پیدا ہوتا ہے کہ وہ اپنے کام کو اس طرح کریں کہ کامیابی کی شاندار مثال بن جائے اور وہ جب کام شروع کرتے ہیں تو چند دن یا چند ہفتوں تک وہ کام بہت جوش وخروش سے کیا جاتا ہے لیکن آہستہ آہستہ ان کے جذبہ میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور پھر ایک دن آتا ہے جب وہ اپنے تمام اسباب ووسائل کے باوجود مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کی بجائے سرد مہری کا شکار ہو جاتے ہیں، جو کام بہت جوش وخروش سے شروع کیا جاتا ہے، آہستہ آہستہ اس میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور اس کا انجام خسارے کے اور کچھ نہیں نکلتا، یہ تعمیری کام مطلوبہ نتائج تک نہیں پہنچتے! آخر کیوں؟ اس لئے کہ کسی بھی کام کو مطلوبہ نتائج تک پہنچانے کیلئے صرف یہی ضروری نہیں کہ انسان میں ہمت اور شوق ہو، بلکہ ایک بہت ضروری چیز تسلسل کے ساتھ محنت کرنا بھی ہے، یہ بات خوش آئند ہے کہ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کی ڈپٹی چیف آفیسر محترمہ حافظہ عظمت فردوس نے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جو کارروائیاں 4ماہ قبل شروع کیں وہ آج بھی اسی عزم’ لگن’ محنت اور تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، انہوں نے اس قلیل عرصہ میں شہر کا نقشہ بدل دیا ہے، فیصل آباد کے مرکز میں واقع آٹھ بازاروں اور ان سے ملحقہ مارکیٹوں میں جس طرح تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا وہ اپنی مثال آپ ہے، آٹھ بازاروں کے علاوہ فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور غلام محمد آباد’ اسلام نگر میں ہیوی مشینری کے ساتھ دکانوں اور مکانوں کے باہر قائم کی جانیوالی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا، پختہ تھڑے’ گیراج’ باتھ روم اور لان بھی گرا دیئے گئے اور لوگوں کیلئے آنے جانے میں آسانیاں پیدا ہو گئیں، یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کو تجاوزات سے پاک کرنے کا عزم کیا اور اس پر عملدرآمد کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے، فیصل آباد ملک کا دوسرا بڑا صنعتی شہر اور پنجاب کا دوسرا بڑا شہر ہے یہاں پر تجاوزات مافیا نے جس طرح اپنے پنجے گاڑھ رکھے ہیں وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، یہاں پر تجاوزات کے خاتمہ کو جوئے شیر لانے کے مترادف قرار دیا جاتا رہا اور شہر کی چھوٹی بڑی آبادیوں’ بازاروں اور مارکیٹوں میں تجاوزات کیخلاف محترمہ حافظہ عظمت فردوس نے گرینڈ آپریشن کیا انہوں نے اپنی فیملی اور بچوں سے بھی زیادہ توجہ اس کام پر مرکوز رکھی اور شہر کے دیگر علاقوں کی طرح جڑانوالہ روڈ جلوی مارکیٹ ‘ وارث پورہ سے بھی پختہ وعارضی تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا، ان کی کامیابیاں ان کے جذبے’ عزم’ محنت اور تسلسل سے اپنا کام کرنے کا صلہ ہے، امید ہے کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد کو تجاوزات سے مکمل پاک اور صاف ستھرا بنانے کے مشن میں ہر قدم پر اسی طرح کامیاب وکامران ہونگی۔
