فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ صدر کے علاقہ یوسف ٹائون میں خونی ڈاکہ’ اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمر فاروق کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچا دی، پولیس قاتل ڈاکوئوں کا سراغ نہ لگا سکی۔ بتایا جاتا ہے کہ یوسف ٹائون الٰہی آباد کا رہائشی 35سالہ عمر فاروق ولد ڈاکٹر فاروق ستار عبداﷲ پور کے قریب موجود تھا کہ گھر سے کال آئی کہ چار مسلح ڈاکو واردات کیلئے گھر داخل ہو کر لوٹ مار کر رہے ہیں، اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر فاروق گھر پہنچا تو جونہی دروازہ کھول کر اندر داخل ہوا تو مسلح ڈاکوئوں نے پکڑ لیا اور اس نے شور مچاتے ہوئے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائر کھول دیا اور گولیاں لگنے سے بری طرح زخمی ہو کر گر پڑا، تو اتھرے ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی۔ سی پی او کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹائون عثمان منیر سیفی نے رپورٹ طلب کر لی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشن اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ایس پی اقبال ٹائون نے ٹیمیں تشکیل دیکر قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔
