57

یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے (اداریہ)

مقبوضہ کشمیر میں 75سال سے جاری بھارتی جبر وتسلط کے خلاف کشمیری عوام آج 5فروری کو پاکستان’ بھارت اور مقبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں، پاکستان میں ہر سال یہ دن سرکاری اور نجی سطح پر خصوصی اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے جس کا مقصد بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور ان پر بھارتی مظالم کی جانب اقوام عالم کی توجہ مرکوز کرانا ہے،، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے مابین وجہ تنازعہ بنا ہوا ہے دونوں ممالک کے درمیان تین جنگیں ہو چکی ہیں کئی بار مذاکرات ہوئے مگر مسئلہ جوں کا توں ہے بلکہ اس کی سنگینی میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے کشمیر کا ہر گھر بھارت حکومت کے قہر کا نشانہ بن چکا ہے، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو سرد نہیں کیا جا سکا آج بھی کشمیری بھارتی حکومت کے ظلم وستم برداشٹ کر رہے ہیں کشمیریوں پر زندگی تنگ کرنے کیلئے 5اگست 2019ء کو مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرا دی اور اسے بھارت میں ضم کر دیا آج مقبوضہ وادی میں بھارتی محاصرے کو 1644 دن گذر چکے ہیں مگر کشمیریوں کو جھکایا نہ جا سکا وادی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ انسانی المیہ بدترین صورت اختیار کر رہا ہے، کشمیری اس کے باوجود حق آزادی سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری نے اب تک اس مسئلہ کے حل کیلئے کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کیا جس کے بعد بھارت کے حوصلے مزید بلند ہوئے اقوام متحدہ کی مؤثر نمائندہ عالمی ادارے کی حیثیت تب ہی تسلیم ہو پائے گی جب اس کے روبرو آنے والے اس کے رکن ممالک کے باہمی تنازعات کے حل کیلئے اس کی قراردادوں اور فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد ہو گا اندریں حالات اقوام متحدہ کے رکن ممالک بالخصوص بڑی طاقتوں کی قیادتوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے کہ وہ دنیا کے تنازعات حل کروانے کیلئے اب تک اقوام متحدہ کو کیوں فعال نہیں بنا پائے، علاقائی اور عالمی امن کی خاطر کشمیر فلسطین افغانستان اور اسلاموفوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، کشمیر میں ظلم کے خاتمے کے بغیر خطے کا امن ایک خواب ہے، ظلم کے خلاف کشمیریوں کے انتظار کو پون صدی گذر چکی مگر مظلوم قوم آج بھی عالمی اداروں کو سوالیہ نظروں سے دیکھ رہی ہے، ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے 25کروڑ عوام کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہے ہیں پاکستان کے عوام کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں