31

یوٹیلیٹی بلز کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ کو فیسوں میںاضافہ کرنا پڑا ‘ ڈاکٹر اقرار احمدخاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش معاشی مسائل اور بڑھتے ہوئے یوٹیلٹی بلز کی وجہ سے یونیورسٹی انتظامیہ کو فیسوں میں مجبوراً اضافہ کرنا پڑا ہے تاہم معاشی صورت حال میں بہتری کے ساتھ ہی طلبہ کو فیسوں میں اضافے کا ازالہ کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف فارمز کے زیر اہتمام منعقدہ گڑ میلے میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطا ب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ طلبہ ملک کی معاشی صورت حال کا ادراک نہ ہونے کی وجہ سے احتجاج کا راستہ اپنا رہے ہیں یہ طلبہ ہمارے ملک کا مستقبل ہیں جنہیں کونسلنگ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر روشن مستقبل کو یقینی بنا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے فیکلٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے طلبہ کی کلاس میں کونسلنگ کی ہے یہ اسی کا نتیجہ ہے کہ تمام طلبہ نے فیس ادا کر دی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر والدین کا بھی شکر یہ ادا کیا۔ جنہوں نے معاشی صورت حال کا ادراک کرتے ہوئے واجبات کی ادائیگی کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ CPO فیصل آباد نے زرعی یونیورسٹی میں بہترین تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کیلئے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی ہے جس کے نتیجے میں ایک سے دو دنوں کے درمیان مذاکرات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں