فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے سی ایم پیکج کے تحت14 ترقیاتی سکیموں کے پی سی ون جنوری کے پہلے ہفتے میں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ پنجاب حکومت سے منظوری کے بعد ان ترقیاتی سکیموں پر کام شروع کر دیا جائے۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی ایم پیکج کے تحت ترقیاتی سکیموں میں ٹرنک سیور اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن شامل ہے جن کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ نکاسی آب کی معیاری سروسز کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ سی ایم پیکج کے تحت ترقیاتی سکیموں کا موجودہ سائٹس پر جا کر سروے مکمل کیا گیا ہے جبکہ پانچ سکیموں کا پی سی ون تیار ہے اور باقی سکیموں کا پی سی ون تیار کرکے جنوری کے پہلے ہفتے میں پنجاب حکومت کو بھجوا دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سابق سی ایم پیکج میں گلیوں میں سیوریج لائنز کو شامل کیا گیا تھا تاہم اس مرتبہ ٹرنک سیور اور ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کی جائے گی تاکہ نچلی سطح پر عوام کو نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کی جائیں اور ان کے سیوریج ایشو کا خاتمہ ہو سکے۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا نے واضح کیا کہ پی سی ون کی تیاری میں بہت محنت کی جارہی ہے اور ایک ایک جگہ پر جا کر بنیادی حقائق کے مطابق سروے مکمل کر کے پی سی ون تیار کئے جارہے ہیں تاکہ سکیم کی تکمیل پر اس کے مطلوبہ نتائج سامنے آ سکیں جس سے شہریوں کا اعتماد واسا فیصل آباد پر مزید بحال ہو گا۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر انجینئرنگ ثاقب رضا، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حافظ حسان ناصر اور ڈائریکٹر ریونیو شہریار حسن بھی موجود تھے۔
2