118

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیخلاف تاجروں کا احتجاج

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تاجر برادری نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ 7 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافہ مسترد کر دیا’ بجلی صارفین پر 66 ارب کا اضافی بوجھ مہنگائی کے چنگل میں پھنسی ہوئی قوم پر بم بن کر گرا ہے’ غریب عوام کا بھرکس نکل چکا ہے’ خدارا عوام پر رحم کریں’ ان خیالات کا اظہار فیصل آباد الیکٹرونکس اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن کے اجلاس کے شرکاء سے سرپرست اعلیٰ چوہدری محمود احمد’ صدر حاجی مرزا عبداللہ’ فنانس سیکرٹری مرزا امجد کمال و دیگر مقررین نے کیا’ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے نائب صدورمحمد عمیر شفیق’ مرزا ذوالفقارعلی’ رانا عامر سجاد’ ملک محمد اکرم’ چوہدری مشتاق’ محمد عدیل’ رانا صفدر علی کے علاوہ ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی’ مقررین نے کہا کہ عوام پہلے ہی دو وقت کی روٹی کو ترس چکے ہیں اوپر سے مزید مہنگائی کیسے برداشت ہو گی’ عوام کی قوت برداشت جواب دے گئی ہے’ بڑے بڑے یوٹیلٹی بل ادا کرنے کی سکت نہیں رہی’ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ممالک بھارت جہاں بجلی فی یونٹ اڑھائی روپے’ بنگلہ دیش سوا تین روپے’ افغانستان گیارہ روپے ستر پیسے’ ایران آٹھ روپے نوے پیسے اور غریب ملک پاکستان میں 53 روپے ہے’ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے کہا کہ اس وقت قوم کو ایئرایمبولینس کی نہیں بلکہ آٹا’ گھی’ سبزیاں’ چینی’ چائے’ سستی گیس’ سستی بجلی کی ضرورت ہے’افسر شاہی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو بننے سے پہلے ہی گرانے کے درپے ہے’ عوام کی مسلم لیگ (ن) کی نئی حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں’ اگر غریب عوام پر ایسے ہی ظلم ہوتا رہا تو کل کو کس منہ سے عوام کا سامنا کرو گے’ انہوں نے کہا کہ مہنگائی سب سے زیادہ اثر قسطوں پر کاروبار کرنے پر پڑاہے’ لوگوں کی قوت خرید کم ہونے کیوجہ سے لوگوں نے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی خرید ترک کر دی ہے جس کی وجہ سے قسطوں کا کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے’ اگر یہی حالات رہے تو مالکان کو اپنی دوکانیں بند کرنا پڑیں گی جس سے بیروزگاری مزید بڑھے گی’ ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب حکومت ہنگامی بنیادوں پر مہنگائی کو کم کرنے کے شارٹ ٹرم منصوبے بنائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں